جمعہ 17؍شعبان المعظم 1444ھ10؍مارچ 2023ء

پولیس تشدد سے پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق ہوا، فرخ حبیب کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس تشدد سے ان کی پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق ہوگیا، جبکہ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے حملوں سے 2 ڈی ایس پیز اور ایک ایس ایچ او سمیت اُن کے 11 اہلکار زخمی ہوئے۔

زخمیوں میں سے ایک اہلکار کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

زمان پارک لاہور کے باہر کینال روڈ پر تمام دن پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی، پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ریلی سے روکنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے جواب میں ڈنڈوں سے حملے اور پتھراؤ کیا۔

پولیس نے راستہ بند کرنے کیلئے کینال روڈ پر ٹریلر کھڑا کیا تھا، جس کے پی ٹی آئی کارکنوں نے شیشے توڑ دیے۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ پولیس تشدد سے  ہماری جماعت کا کارکن علی بلال عرف ظلِ شاہ جاں بحق ہوگیا، ظلِ شاہ راج گڑھ کے علاقے کا رہائشی تھا۔

پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید نے سروسز اسپتال کا دورہ کرکے ظلِ شاہ کی ہلاکت کے حوالے سے ڈاکٹروں سے تفصیلات بھی لیں۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ اور ڈنڈوں کے استعمال سے 2 ڈی ایس پیز اور ایس ایچ او ہنجروال سمیت 11 افسران اور اہلکار زخمی ہوگئے۔ جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، ان میں سے ایک اہلکار کی حالت تشویش ناک ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.