منگل 14؍شعبان المعظم 1444ھ7؍مارچ 2023ء

ندا ڈار پاکستان میں ویمن کرکٹ لیگ کے آغاز پر خوش

پاکستان ویمن ٹیم کی سینئر آل راؤنڈر ندا ڈار نے ملک میں ویمن کرکٹ لیگ کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیگ کھیلنے سے پاکستانی پلیئرز کے کھیل میں نکھار آئے گا۔

اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ندا ڈار نے کہا کہ ویمن لیگ کے آغاز سے نئی آنے والی پلیئرز کو کافی فائدہ ہوگا، جب میں بگ بیش کھیلنے گئی تھی تو مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملا تھا۔ کافی عرصہ سے ہم سب کی خواہش تھی کہ پاکستان میں ویمن لیگ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیگ کھیلنے سے پاکستانی پلیئرز کے کھیل میں نکھار آئے گا، ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں بس ہمیں مواقعوں کی تلاش ہے، فرنچائز کرکٹ سے پوری دنیا میں نیشنل ٹیموں کو فائدہ ہوتا ہے۔

ندا ڈار نے کہا کہ ویمن فرنچائز لیگ کی وجہ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، پاکستان لیگ میں دنیا کے دیگر ملکوں کی پلیئرز کیلئے بھی موقع ہوگا۔ جن کو آپ ہمیشہ دیکھتے ہیں ان کے ساتھ کھیلنے کا موقع کافی بہترین ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پلیئرز کے پاس موقع ہے کہ وہ جلد از جلد نئی چیزیں سیکھیں، پاکستان میں ویمن کرکٹ نے کافی طویل سفر طے کیا ہے، جب ہم نے شروعات کی تھی تو کافی مشکلات سہی تھیں، ہماری اب بھی کوشش ہے کہ دنیا کے برابر آجائیں۔

سینئر کرکٹر نے کہا کہ ویمن کرکٹ کی ترقی کیلئے اس طرح کی لیگ بہت ضروری ہے، یہ پلیٹ فارم ہم سب کیلئے موقع ہے کہ دنیا کو بتائیں کہ ہم کون ہیں، کیا ہیں؟ اس لیگ کو ایک بڑا برانڈ بنانا ہے۔

پی ایس ایل کے موقع پر خواتین کرکٹر کے درمیان میچز پر سینئر آل راؤنڈر نے کہا کہ ہر کوئی ان تین میچز کیلئے کافی پرجوش ہے، ان میچز سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.