پیر 13؍شعبان المعظم 1444ھ6؍مارچ 2023ء

عمران خان کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ آفس کا اعتراض

پیمرا کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، تاہم ہائیکورٹ آفس نے پٹیشن کے ساتھ پابندی کے نوٹیفکیشن کی مصدقہ نقل نہ لگانے کا اعتراض لگا دیا۔

جسٹس شاہد بلال حسن کل 7 مارچ کو آفس کے اعتراض پر سماعت کریں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درخواست میں پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پیمرا کی جانب سے ان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

انہوں نے درخواست میں پیمرا کو فریق بنایا ہے، عمران خان کا مؤقف ہے کہ پیمرا نے اختیارات سے تجاوز اور پیمرا آرڈیننس 2002 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پابندی کا حکم نامہ جاری کیا۔

پیمرا کے احکامات غیر قانونی، غیر آئینی اور آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہیں، پابندی عائد کرنا بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے، استدعا ہے کہ عدالت پیمرا کے پابندی سے متعلق احکامات کالعدم قرار دے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ آفس نے پٹیشن کے ساتھ پابندی کےنوٹیفکیشن کی مصدقہ نقل نہ لگانے کا اعتراض لگا دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.