
ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز کراچی کی انسدادِ اسمگلنگ ٹیم نے ناردرن بائی پاس سے کراچی شہر جانے والے ایک بیڈ فورڈ ٹرک کو قبضے میں لے کر جانوروں کے گوبر کی آڑ میں مضرِ صحت چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
اطلاع ملنے کے بعد کراچی شہر کی طرف آنے والی ایسی گاڑیوں کی نقل و حرکت کی خفیہ نگرانی کی گئی۔
خفیہ نگرانی کے دوران ایک بیڈ فورڈ ٹرک جس کا رجسٹریشن نمبر AE-0071 تھا ناظم آباد روڈ پر دیکھا گیا اور ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پیچھا کرکے پر اسے روک لیا گیا۔
ٹرک پر لوڈ گوبر کے بارے میں پوچھنے پر ڈرائیور نے جواب دیا کہ اس نے شہر کے نرسری ایریا میں ترسیل کے لیے ناردرن بائی پاس کے علاقے سے جانوروں کا گوبر لوڈ کیا ہے۔
ڈرائیور کے جواب سے مطمئن نہ ہونے پر مذکورہ ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا اور اسے کسٹمز انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر لایا گیا۔
جانوروں کے گوبر کو اتارنے کی سخت مشق کے دوران مضرِ صحت چھالیہ کے 280 تھیلے برآمد ہوئے جنہیں جانوروں کے گوبر کے نیچے رکھا گیا تھا۔
مقدمہ درج کر کے اسمگل شدہ مضرِ صحت چھالیہ سمیت ٹرک کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
قبضے میں لی گئی مضرِ صحت چھالیہ اور ٹرک کی مالیت 1 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
Comments are closed.