پیر 13؍شعبان المعظم 1444ھ6؍مارچ 2023ء

ٹورنٹو، پی آئی اے کی پرواز 36 گھنٹے تاخیر سے لاہور کے لیے روانہ

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں برفانی طوفان کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل کی پرواز پی کے 798 لگ بھگ 36 گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئی۔

پرواز پی کے 798 نے ہفتہ کی رات پونے نو بجے ٹورنٹو سے لاہور پہنچنا تھا جو ٹورنٹو کے آس پاس شدید برف باری کی وجہ سے غیرمعمولی تاخیر کا شکار ہوئی اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر 11:24 بجے لاہور کے لیے روانہ ہوئی۔

پرواز ممکنہ طور پر پیر کی صبح 10 بجکر 52 منٹ لاہور پہنچے گی۔ طیارہ مسافروں کے ساتھ 6 گھنٹے تک ایئر پورٹ پر روانگی کا منتظر رہا۔

ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے ایئرفیلڈ بند ہونے کی ہدایت پر مسافروں کو طیارے سے اتاردیا گیا۔ بھاری مالیت کی کیٹرنگ سروس، طیارے کی پارکنگ کے چارجز اور مسافروں کے ہوٹل کی مد میں ایئر لائن کو بھاری اخراجات کا سامنا رہا۔

ذرائع کے مطابق ٹورنٹو کے اطراف برفانی طوفان کی پیش گوئی کے باعث پرواز کو منسوخ کیا جانا ضروری تھا مگر ایسا نہیں کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ برفانی طوفان کی پیشگی اطلاع نہ ہونے پر طیارہ پرواز کیلئے ایئرپورٹ پر کھڑا رہا اور عملے کو قوانین کے تحت مقررہ ڈیوٹی ٹائم سے زائد اوقات کے لئے ڈیوٹی کا نہیں کہا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.