منگل 14؍شعبان المعظم 1444ھ7؍مارچ 2023ء

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیتنے کیلئے 180 رنز کا ہدف

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے21 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیتنے کیلئے 180 رنز کا ہدف دے دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے محمد نواز اور نجیب اللّٰہ زردان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 179 رنز بنائےہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

کوٹئہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی اننگز کا مایوس کن آغاز کیا، اور پاور پلے میں اس کے سارے برج گرگئے، 6 اوورز میں گلیڈی ایٹرز نے 4 وکٹوں پر 19رنز بنائے ہیں۔

گلیڈی ایٹرز نے جب اننگز کا آغاز کیا تو شروع میں ہی اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑگیا،اور پہلے اوور میں ول اسمید 3 کے اسکور پر فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اسکور جب 8 کے مجموعے پر پہنچا تو تیسرے اوور میں ہی یاسر خان اپنی وکٹ گنواکر پویلین کی جانب لوٹ گئے، جس کے بعد کپتان سرفراز احمد  اور افتخار احمد بھی باری باری آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد محمد نواز اور نجیب اللّٰہ زادران نے ٹیم کو سنبھالا دیتے ہوئے 104 رنز کی پارٹنر شپ کی اور یوں ٹیم کا اسکور 121 تک پہنچا دیا، 16 ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد نواز شارٹ مارنے کے چکر میں فضل حق فاروقی کی گیند پر مبشر خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایونٹ میں اپنی بقا کی جنگ کےلیے آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدِمقابل ہے۔ 

واضح رہے کہ کوئٹہ کے 6 میچز میں صرف 2 پوائنٹس ہیں جبکہ اسلام آباد 4 فتوحات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.