منگل 14؍شعبان المعظم 1444ھ7؍مارچ 2023ء

حکومت عمران خان پر ایک اور قاتلانہ حملہ کرانا چاہتی ہے، فواد چوہدری

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان پر ایک اور قاتلانہ حملہ کرانا چاہتی ہے۔

لاہور زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کی پولیس زمان پارک پہنچی، عمران خان کی گرفتاری کا مقصد صرف ملک کے حالات خراب کرنا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ان حکمرانوں نے ملک اور معیشت کو ڈبو دیا ہے، ان کا واحد مقصد ملک میں فسادات کرنا ہے تاکہ انتخابات ملتوی ہوجائیں۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ حکومت فسطائیت کا مظاہرہ کر رہی ہے، حکومت ملک میں امن و امان کا مسئلہ کھڑا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور محسن نقوی میں کوئی فرق نہیں، حکومت انتخابات سے فرار چاہتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کسی انسان کے لیے ممکن نہیں کہ وہ روز اتنے مقدمات میں پیش ہو، ہم عدالتوں میں قانون کے مطابق ڈیل کر رہے ہیں، عدالتیں ایک بھگوڑے کو نہیں بلا رہیں۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے نوٹس دیکھ لیا ہے اس میں گرفتاری کا حکم نہیں، وکلا سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، ہمارا سیاسی ردعمل بھی ہوگا لیکن بلاوجہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد مشاورت سے اپنا ردعمل دیں گے، عمران خان کی جان کو خطرہ تھا اور ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا، عین ممکن ہے ان پر دوبارہ قاتلانہ حملے کا پلان کیا جا رہا ہو۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کے خطاب میں کل جارحیت نہیں تھی انہوں نے یکجہتی کی بات کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عقل کے اندھے جو اس وقت کارروائیاں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ زخم پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے بجائے مرہم کی ضرورت ہے، ملک اس وقت سیاسی اور معاشی بحران سے دوچار ہے، ملک کو اس وقت سیکیورٹی چیلنجز بھی درپیش ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حقیقی اصولوں پر سمجھوتا نہیں کریں گے، ہمیں صرف سیکیورٹی کے تحفظات ہیں، کسی میں سمجھ داری ہے تو ہم خلا پر کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اعتماد کا خلا پر کرنے کے لیے اپنے بنیادی اصولوں سے نہیں ہٹیں گے، حکومت انتخابات سے فرار چاہتی ہے، 30 اپریل کو پنجاب میں انتخابات ہونے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل گورنر خیبرپختونخوا کو صوبے میں الیکشن کی ہر صورت تاریخ دینی ہے، یہ حکومت گھبرا چکی ہے، پولیس اور حکومت دونوں کنفیوژ ہیں، پی ٹی آئی پرُسکون اور متحد ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.