ہفتہ 11؍شعبان المعظم 1444ھ4؍مارچ 2023ء

وزیر خزانہ کا عازمین حج کیلئے زرمبادلہ کے انتظام کا عندیہ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عازمین حج کے لیے زرمبادلہ کے انتظام کا عندیہ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

ملاقات میں حج پالیسی، اسپانسر شپ اسکیم، سعودی عرب میں رقوم کی ادائیگی اور فاٹا اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدوں کے باعث ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، اللّٰہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے حج انتظامات کے لیے وزارت مذہبی امور کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی، حج اسپانسر شپ اسکیم صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے عزیز و اقارب کے لیے ہے۔

بیرون ملک سے غیر ملکی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانی اسکیم سے فائدہ اٹھاسکیں گے، اسپانسر شپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

پی آئی اے نے حج آپریشن 2023 کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج فلائٹ آپریشن 21 مئی سے شروع ہوگا جو 2 اگست تک جاری رہے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹہ 50 فیصد مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے، دیگر 50 فیصد حج کوٹہ سرکاری، نجی حج اسکیم کے لیے مختص کیے جانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

ریگولر حج اسکیم کے تحت پاکستانی نامزد بینکوں میں حج درخواستیں جمع ہوں گی، موجودہ ڈالر ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے کابینہ سے منظوری ملتے ہی وزیر مذہبی امور درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ اعلان کریں گے، سرکاری حج اسکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.