
ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 18ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز کے بیٹرز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی عمدہ بولنگ پرفارمنس کے آگے بےبس نظر آئے اور وکٹیں خزاں رساں پتوں کی طرح گرتی رہیں۔
قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی خود پہلے بیٹنگ کرنے آئے لیکن یہ حربہ بھی کام نہ آیا اور صرف 16 رنز کے مہمان ٹھہرے۔
ایک موقع پر جب لاہور قلندرز کی ٹیم 50 رنز پر 7 وکٹوں سے محروم ہوگئی تو سکندر رضا کوئٹہ کے بولرز کے سامنے ڈٹ گئے۔
انہوں نے 21 رنز بنانے والے راشد خان کے ہمراہ 69 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، راشد خان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیل اینڈرز کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
سکندر رضا نے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا ٹوٹل 148 رنز تک پہنچایا۔
راشد خان کے 21، شاہین شاہ آفریدی کے 16 اور عبداللّٰہ شفیق کے 15 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز اور نوین الحق نے دو، دو جبکہ عمید آصف، اوڈین اسمتھ اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔
ایونٹ کے پہلے ٹکراؤ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔
جیسن روئے قومی خدمات کی وجہ سے ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہیں، جبکہ محمد حسنین مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں۔
کوئٹہ کی ٹیم کپتان سرفراز احمد، مارٹن گپٹل، ول اسمیڈ، افتخار احمد، محمد حفیظ، محمد نواز، نسیم شاہ، اوڈین اسمتھ، نوین الحق اور عمید آصف پر مشتمل ہے۔
لاہور قلندرز کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللّٰہ شفیق، فخر زمان، طاہر بیگ، سیم بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔
Comments are closed.