سندھ حکومت میں صوبے میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کےلیے سندھ پریمئر لیگ کروانے کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز شاہد خان آفریدی اور عبدالرزاق کے ہمراہ سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کی۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ پریمئر لیگ سے صوبے کا نیا ٹیلنٹ ملے گا، کوشش ہوگی ہر ڈویژن میں لیگ کے میچز کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سے نئے ٹیلنٹ کےلیے لیگ کا انعقاد ضروری ہے، صوبے 6 ڈویژن کی ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لیں گی۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ 6 فرنچائزز کا پہلا مرحلہ جون میں کراچی میں ہوگا، لیگ کو صرف سپورٹ ہی نہیں کریں گے بلکہ اس کی آنر شپ لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری اپنی لیگ ہوگی دوسرا مرحلہ امید ہے حیدرآباد میں کرائیں گے، لیگ کے ساتھ ساتھ اکیڈمی بھی بنانے کا پلان ہے۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کرکٹ لیگ کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ کرکٹ اکیڈمی بھی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے لیگ کی آنر شپ لی ہے، لیگ کے میچز سکھر اور لاڑکانہ میں بھی ہونا چاہئیں، ایس پی ایل کروانے کا مقصد نیا ٹیلنٹ سامنے لانا ہے۔
شاہد خان آفریدی نے تجویز دی کہ سندھ پریمئر لیگ کا آغاز بجائے کراچی سے کروانے کے بجائے سکھر یا حیدر آباد سے کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس صوبے نے مجھے نام دیا ہے، میرا تعلق یہی سے ہے، سندھ میں صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ ہر کھیل کا ٹیلنٹ موجود ہے۔
عبدالرزاق نے کہا کہ سندھ لیگ کا پلان اچھا ہے، اب اس پر عمل کرنا ہوگا، یہ لیگ نوجوان کرکٹرز کےلیے بہترین موقع فراہم کرے گی۔
Comments are closed.