
ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف دھواں دار بیٹنگ کی جس کی دھوم بھارتی میڈیا میں بھی مچ گئی۔
اعظم خان کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے محمد حسنین کو شاندار چھکے مارنے پر مداحوں کو ان کے والد معین خان کی یاد آگئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر اعظم خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 97 رنز بنائے، یوں ٹیم کا اسکور 220 رنز تک پہنچانے میں وہ کامیاب ہوئے۔
محمد حسنین کے ایک اوور میں اعظم خان نے شاندار تین چھکے مارے، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے بولر کی گیند پر پڑنے والے شاٹ پر گیند سیدھی اسٹیڈیم کی چھت پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر مداح اور کمنٹیٹر حیران رہ گئے۔
محمد حسنین نے گیند اسٹمپ کے آف سائیڈ کی طرف پھنکی تو دایاں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے اعظم خان نے زمین پر بیٹھ کر شاٹ اسکوائر لیگ کی جانب کھیلا اور 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آتی ہوئی یہ گیند سیدھی چھت پر پہنچ گئی۔
اعظم خان کے اس شاٹ نے ان کے والد معین خان کی یاد دلا دی ایک صارف نے معین خان کی کرکٹ ورلڈکپ 1999 کے ایک میچ کی ویڈیو شیئر کی، جس میں سابق وکٹ کیپر بیٹر نے ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے بولر ڈیمئن فلیمنگ کو بالکل اسی طرح شاٹ مارا تھا۔
اس وقت معین خان پی ایس ایل کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ہیڈ کوچ ہیں، اور اعظم خان کی بیٹنگ کے دوران ڈریسنگ روم میں بیٹھے ان کی بیٹنگ دیکھ رہے تھے، جب اعظم خان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تو انہوں نے والد معین خان کو خراج تحسین بھی پیش کیا تھا۔
یاد رہے کہ اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری فتح اپنے نام کی تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 220 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے 221 رنز کا ہدف سیٹ کیا تھا۔
اس ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19 اعشاریہ 1 اوورز میں 157 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
Comments are closed.