وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور عمران خان کے لیے ڈوب مرو تحریک بن چکی ہے۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اس بندے نے ملک کی بہتری اور مسائل کے حل کے لیے کوئی لمحہ خرچ نہیں کیا، اس نے ہر دن فتنہ گری، ملک کو انارکی کی طرف دھکیلنے کے لیے خرچ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ چاہتا ہے کہ ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار رہے، جب ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوتے ہیں تو یہیں حال ہوتا ہے جو ہمارا ہے، قوم ووٹ کی طاقت سے اسے مائنس کرے گی ورنہ یہ قوم کو حادثے سے دوچار کر دے گا۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں سو سوا سو بندہ اکٹھا ہوا ہے، اکثر لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں چھوڑ دیں یہ ہمیں ورغلا کر لائے ہیں، پہلے دور دراز کی جیلیں بھریں گے پھر نزدیک کی بھریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی دور کی جیلوں میں کافی گنجائش ہے، پہلے وہ بھریں گے، بعد میں انہیں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد کی جیلوں میں ڈالیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جن افراد کو خطرہ ہے اور بلٹ پروف گاڑی ان کی ضرورت ہے تو انہیں استثنیٰ دیا جائے گا، مجھ سمیت بعض وزراء کو خطرہ ہے، بلٹ پروف گاڑی 1800سی سی زیادہ کی ہو گی، جیسے ہی یہ بات کلیئر ہوتی ہے تو مجھے بلٹ پروف گاڑی کی ضرورت نہیں ہو گی۔
Comments are closed.