سابق چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام عثمان ڈار کے پی اے کا اقبالی بیان سامنے آ گیا۔
جاوید علی ولد طالب حسین نے عثمان ڈار کے بھائی احمد ڈار کو 50 لاکھ روپے کمیشن دینے کا انکشاف کیا ہے۔
ایک ویڈیو بیان میں جاوید علی نے کہا ہے کہ این اے 67 کی 4 یونین کونسل کے 5 ٹھیکیداروں سے 50 لاکھ روپے جمع کیے، تین ماہ سے عثمان ڈار کا ڈویلپمنٹ کے لیے پی اے تھا، باجوہ اینڈ کمپنی کو 2 کروڑ روپے کا ٹھیکہ ملا ، 20 لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو دیا۔
جاوید علی کا کہنا ہے کہ زین باجوہ کمپنی کے پاس 50 لاکھ روپے کا ٹینڈر تھا، 5 لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو دیا، خضر کنسٹرکشن کے پاس ایک کروڑ کا ٹینڈر تھا، 10 لاکھ روپے کمیشن لے کر احمد ڈار کو پہنچایا، بلال کنٹریکٹر کے پاس ایک کروڑ کا ٹینڈر تھا دس لاکھ کمیشن احمد ڈار کو پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت بلڈرز کے پاس 50 لاکھ روپے کا ٹینڈر تھا، پانچ لاکھ روپے کمیشن لے کر احمد ڈار کو پہنچایا، این اے 67 کی 28 یونین کونسلیں ہیں، چار میں، میں کام کرتا تھا، 24 یونین کونسلوں کو خواجہ عمران دیکھتا تھا، وہ دس، پندرہ یا بیس فیصد کمیشن لیتا تھا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ احمد ڈار نے کہا تم ہمارے لیے اتنا کام کرتے ہو، تمہیں سرکاری نوکری دلاتا ہوں، میں کم پڑھا لکھا ہوں، جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ بنایا، محکمۂ تعلیم میں احمد ڈار کے کہنے پر کاغذ جمع کرائے، انہوں نے میرا آرڈر کرایا۔
جاوید علی نے یہ بھی کہا کہ گورنمنٹ ایلیمنٹری ماڈل اسکول ڈالیاں میں نوکری کر رہا ہوں، اس کے عوض میں ٹھیکیداروں سے کمیشن جمع کر کے دیتا تھا۔
Comments are closed.