ہفتہ 4؍شعبان المعظم 1444ھ25؍فروری 2023ء

فرح گوگی اور شیخ رشید کیخلاف نئے سرے سے انکوائری کا آغاز کردیا گیا

محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف نئے سرے سے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ فرح گوگی کے خلاف درج تمام مقدمات کی نئے سرے سے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا۔ انہوں نے اثر و رسوخ سے زرعی زمین سستے داموں فروخت کروائی تھی، فرح گوگی کا کیس ایف آئی اے کو بھی بھجوایا جائے گا۔

نیب مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ فروخت اور خریدی گئی املاک سے متعلق بھی دستاویزی ثبوت اور ریکارڈ سے آگاہ کیا جائے۔

سہیل ظفر نے کہا کہ شیخ رشید کے خلاف انکوائری کو بھی ری اوپن کر دیا گیا، رنگ روڈ اسکینڈل کی فائل بھی دوبارہ انکوائری کیلئے اوپن کر دی گئی، شیخ رشید نے رنگ روڈ اسکینڈل میں سڑک کا رُخ اپنی زمین کی طرف کروایا تھا، انہوں نے اس طرح اپنی زمین کی قیمت بڑھائی تھی۔

ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا کہ پنجاب بھر کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے، دیکھا جا رہا ہے عثمان بزدار اور پرویز الہٰی نے کتنی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ریلیف دیا۔

احسن جمیل گجر کے خلاف مختلف بینکوں کے مختلف اکاؤنٹس میں 22 کروڑ 29 لاکھ 79 ہزار روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں ترقیاتی کاموں کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا، پی ٹی آئی دور کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں، پی ٹی آئی حکومت کے سینئر افسران کو انکوائری میں ریکارڈ سمیت بلا لیا گیا، جو افسر اینٹی کرپشن سے تعاون نہیں کرتا اسے گرفتار کیا جائے گا۔

سہیل ظفر نے مزید کہا کہ انکوائریاں اور گرفتاریاں آئندہ ہفتے شروع کی جا سکتی ہیں، ایل ڈی اے کے معاملات عدالت میں ہیں، اس لیے انکوائری مؤخر کر دی، محمود الرشید، مونس الہٰی، راجہ بشارت، مراد راس، یاسمین راشد و دیگر وزرا کے محکموں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.