سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق از خود نوٹس کیس میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی نے فل کورٹ بنانے کیلئے درخواست دائر کر دی۔
سپریم کورٹ میں درخواست فاروق ایچ نائیک، کامران مرتضیٰ اور منصور عثمان ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کیس کی سماعت کیلئے تمام ججز پر مشتمل فل کورٹ بنائی جائے، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو فل کورٹ میں شامل نہ کیا جائے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ دونوں ججز صاحبان پہلے سے اپنا مائنڈ کیس میں اپلائی کر چکے ہیں، کئی آئینی، قانونی، عوامی اہمیت کے سوال سامنے آ چکے ہیں جن پر سماعت ضروری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس لیا تھا۔ جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے از خود نوٹس کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھیجا تھا، جس کے بعد از خود نوٹس پر سماعت کیلئے 9 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں بننے والے بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللّٰہ شامل ہیں۔
Comments are closed.