روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کو ایک سال مکمل ہوا تو اسی دن ایک یوکرینی فوجی نے اپنی شادی کی پہلی سالگرہ بھی منائی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 39 سالہ یوکرینی سارجنٹ ولادیمیر روسین کی شادی 24 فروری 2022ء کو ہوئی تھی اور اسی روز روس نے یوکرین پر حملہ کیا تھا۔
ولادیمیر روسین نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے اپنی دوست سے کہا کہ ہمیں شادی کرلینی چاہیے کیونکہ میں جانتا تھا کہ میں اب کافی زیادہ وقت کے لیے دور جانے والا ہوں‘۔
رپورٹس کے مطابق یوکرینی فوجی 24 فروری 2022ء کی صبح تک اپنی اہلیہ سے ایک ساتھ رہنے کی قسمیں کھا رہا تھا تاہم اسی دن رات 10 بجے وہ دارالحکومت کیف جانے والی ٹرین پر سوار تھا جہاں فوجیوں نے روسی فوج کا کئی ہفتوں تک مقابلہ کیا۔
یوکرینی فوجی نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنے موبائل پر اپنی شادی کی تصویر بھی دکھائی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سارجنٹ ولادیمیر روسین نے جنگ کا پہلا سال مکمل ہونے اور اپنی شادی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جنگ زدہ علاقے سے اپنے دوست کے ذریعے اپنی اہلیہ کو پھول بھجوائے۔
بعدازاں یوکرینی فوجی نے ویڈیو کال کے ذریعے اپنی اہلیہ سے تصدیق بھی کی کہ اسے بھیجے گئے سالگرہ کے پھول موصول ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی فوجی کی ایک بیٹی بھی ہے جو گزشتہ سال اکتوبر میں پیدا ہوئی تھی۔
Comments are closed.