جمعرات2؍شعبان المعظم 1444ھ23؍فروری 2023ء

پتوکی میں معمولی تنازع پر فائرنگ، تشدد، 2 افراد ہلاک، 12 زخمی

قصور کے علاقے پتوکی میں معمولی تنازع پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ اور تشدد سے دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے، بہیمانہ تشدد کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

 پولیس کے مطابق تین ملزمان گرفتار ہیں جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پتوکی کے گاؤں بھونی کے میں دو گروپوں میں تصادم کا یہ واقعہ 20 فروری کو پیش آیا، واقعے میں دونوں گروپوں کا ایک ایک شخص ہلاک جبکہ ایک گروپ کے 7 اور دوسرے کے 5 افراد زخمی ہوئے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وحشیانہ انداز میں ایک شخص کو مارا جا رہا ہے جبکہ زخمیوں کیلئے لوگ ایک دوسرے کو پانی لانے کا کہہ رہے ہیں۔

ڈی پی او قصور طارق عزیز کے مطابق مقتول منیر اور مقتول احمد علی گروپ میں زرعی زمین کو پانی لگانے پر 7 سال پہلے جھگڑا ہوا اور اقدام قتل کا مقدمہ درج ہو گیا۔

دونوں گروپ تاریخ پیشی پر آرہے تھے کہ تصادم ہو گیا، دونوں طرف سے مقدمہ درج ہے اور تین ملزمان گرفتار ہیں، مفرور ملزمان گھروں کو تالے لگا کر فرار ہیں تاہم دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی دو ٹیمیں مسلسل چھاپے مار رہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.