پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کی پہلی جیل بھرو تحریک ہے جس میں کارکن آگے اور پولیس پیچھے تھی، ایک ہی رات میں کسی کو ماں، کسی کو باپ اور کسی کو بچے یاد آ گئے۔
سرگودھا میں ن لیگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں ڈیڑھ کروڑ کی آبادی ہے، صرف 60، 70 لوگوں نے گرفتاری دی، عمران خا ن تاریخ کے کوڑے دان میں جا رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جب سے گھڑی چور حکومت سے گیا، کان پک گئے کہ سازش ہو گئی، سازش تو نواز شریف کے خلاف ہوئی تھی، کیونکہ وہ مہرہ نہیں بن سکتا تھا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جب عمران خان کا لانگ مارچ ناکام ہوا تو سازشیوں نے عدلیہ سے جج اٹھا لیے، عمران خان کو سادھو بنا کر پیش کیا، عمران خان سازشیوں کا فرنٹ مین اور ازلی فتنہ تھا، کیا بابا رحمت، کھوسہ صاحب کو پتہ ہے کہ پاکستان کہاں پہنچ گیا۔ آج نیپیاں بدلنے کی ذمہ داری پرویز الہٰی نے اٹھالی ہے، پرویز الہٰی کے بیٹے نے پوری زندگی مال بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پانچ مہینے سے ٹانگ پر پلاسٹر لگا کر بیٹھا ہے، اتنا بزدل ہے، روز عدالت اور جج بلاتے ہیں کہتا ہے میری ٹانگ خراب ہے، پیش نہیں ہوسکتا، اس ڈر سے پلاسٹر نہیں اتارتا کیونکہ اسے عدالتوں میں پیش ہونا ہے، چوہے کی طرح بل میں گھس کر بیٹھا ہے، قوم پر احسان کریں اور مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کریں، کارکنوں کے لیے جیلیں اپنے لیے بیلیں۔
مریم نواز نے کہا کہ لیڈر نواز شریف کی طرح سامنے سے لیڈ کرتا ہے، وہ نواز شریف کے ڈر سے چوہے کی طرح بل میں بیٹھا ہے، کیا ان کے لائے ہوئے فتنے نے آئی ایم ایف کو لکھ کر نہیں دیا کہ سب مہنگا کر دیں گے، عوام کے استعمال کی کون سی چیز ہے جہاں ان کے پیاروں کی لگائی ہوئی مہر نہیں ہے، دونوں میاں بیوی 4 سال تک صرف پیسہ بناتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھی سرگودھا کا ہاتھ کبھی نہیں چھوڑے گا، میں تو آپ کے پاس آج پاکستان اور نواز شریف کا مقدمہ لے کر آئی تھی، سرگودھا نے نواز شریف کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اسکرین پر نظر آنے والے 5 افراد ہی پاکستان کے ان حالات کے ذمے دار ہیں، 5 کا ٹولہ ہی پاکستان کے حالات کا ذمے دار ہے، ان کا سرغنہ فیض حمید تھا، مریم نواز فیض حمید کو چیف بننا تھا ان کو سیاسی چہرے کی ضرورت تھی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف عوام کا نمائندہ تھا، پھر اس نے عمران خان گھڑی چور کو اٹھایا، ان کو ایک گھوڑا چاہیے تھا جس کا نام ہے گھڑی چور عمران خان، فیض حمید کی باقیات آج بھی باقی ہیں، فیض حمید کو عمران خان سے محبت نہیں، ان جرائم کا خوف ہے جو انہوں نے 5 سال کیے، فیض حمید نے اربوں روپے بنائے اور گلف ممالک میں منتقل کیے۔
انہوں نے کہا کہ آپ یہ جانچنے بیٹھ گئے کہ الیکشن کمیشن کی کیا ذمے داری ہے، ضرور جانچیں، لیکن کیا کبھی آپ نے بنیادی ذمہ داری کا احاطہ کیا، آنے والا وقت کس کا ہے؟ لوگوں کا جذبہ چیخ چیخ کر بتا رہا ہے کہ شیر آرہا ہے، وہ اسٹیبلشمنٹ جو تمہیں کندھوں پر بٹھا کر لائی تھی اب گھر جا چکی، نواز شریف آئے گا تو سب ٹھیک ہو جائے گا، یہ الیکشن لڑنا نہیں، جیت کر دکھانا ہے۔
Comments are closed.