روسی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر یوکرین کے مرکزی بینک نے ایک یادگاری نوٹ جاری کیا ہے۔
اس نوٹ پر ایک طرف تین فوجی اہلکار یوکرینی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ 20 ہرونیا (یوکرینی کرنسی) کے نوٹ کی دوسری طرف دو ہاتھوں کو ٹیپ سے بندھا ہوا دکھایا گیا ہے۔
یہ بندھے ہوئے ہاتھ روسی فوج کے یوکرین میں جنگی جرائم کو ظاہر کرتے ہیں۔
یوکرین کے قومی بینک کے گورنر آندری پشنی نے کہا کہ جنگ کا سال مکمل ہونے پر ہم نے یادگاری نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا جو ایک کاغذ کے ٹکڑے پر سال بھر کے جذبات، رویے اور اہم چیزوں کی عکاسی کرے گا۔
مرکزی بینک نے جنگ شروع ہونے کے بعد سے ڈالر کے مقابلے میں ملکی کرنسی کو 36.57 پر لگام دینے کیلئے بہت محنت کی اور باقاعدگی کے ساتھ غیر ملکی ایکسچینج مارکیٹ میں مداخلت کی۔
مغربی ممالک کی اربوں ڈالر امداد کی وجہ سے یوکرین کے زر مبادلہ ذخائر 30 ارب ڈالر ہوچکے ہیں۔
قومی بینک کے گورنر نے کہا کہ 3 لاکھ یادگاری نوٹ جاری کیے جائیں گے۔
مرکزی بینک کے عہدیداران نے بتایا کہ نئے نوٹ کا ڈیزائن تخلیق کرنے اور نوٹ تیار کرنے میں 8 مہینے کا عرصہ لگا۔
انہوں نے کہا کہ بینک سلسلہ وار یادگاری نوٹوں جاری کرنا چاہتا ہے تاکہ جنگ کا بصری ریکارڈ فراہم کیا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی سے ہی جنگی کامیابی اور یوکرین کی تعمیر نو کیلئے یادگاری نوٹ جاری کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔
Comments are closed.