وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ بہت جلد نواز شریف پاکستان آئیں گے اور سرگودھا میں اگلا جلسہ کریں گے، جو بے مثال ہوگا اور اس جلسے سے نوازشریف خطاب کریں گے۔
سرگودھا میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ن لیگ مریم نواز کی قیادت میں الیکشن مہم کا آغاز کر چکی، الیکشن میں ہم اس فتنے اور اس کی جماعت کو شکست دیں گے، پنجاب میں ن لیگ اپنی حکومت بنائے گی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ن لیگ ایک عوامی جماعت ہے، عوام میں جانے سے مسلم لیگ ن نہیں گھبراتی، تمام اسمبلیوں کے الیکشن اکٹھے ہونے چاہئیں، ہمیں الیکشن سے کوئی خوف نہیں، نہ ہم پیچھے ہٹے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی ضرورت صرف الیکشن نہیں، فری اینڈ فیئر الیکشن ہے، الیکشن ایسے ہونے چاہئیں جس کے نتائج پر کسی کو اعتراض نہ ہو، ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے نواز شریف کی قیادت میں عدلیہ کی آزادی کیلئے تحریک چلائی، لانگ مارچ کیا، عدلیہ کی بحالی ن لیگ کے لانگ مارچ کے نتیجے میں ہوئی تھی، ہم لاہور سے چلے تھے، گوجرانوالہ تک ن لیگ کے ساتھ عوام کا سمندر تھا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ جو عوام کا سمندر تھا وہ سب نے دیکھا، ن لیگ کا لانگ مارچ گوجرانوالہ پہنچا تھا اور عدلیہ بحال ہو گئی تھی، ایسے واقعات سے عدلیہ کے وقار میں کمی ہوتی ہے، ہم عدلیہ کے وقار میں کمی نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ ایسی باتوں پر بھی ازخود نوٹس ہونا چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ خان الیکشن میں ہارے گا تو نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا، فتنہ خان پھر سے ملک میں افرا تفری اور انار کی کیلئے اپنا کام شروع کرے گا، ملک پہلے ہی عدم استحکام کا شکار ہے، جب تک ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار رہے گا، ملک معاشی طور پر مستحکم نہیں ہوسکتا، جب تک ملک معاشی طور پر مستحکم نہیں ہو گا، مہنگائی ختم ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک جن حالات میں ہے اس کی وجہ فتنہ خان کی پالیسیاں ہیں، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک نیچے جا رہا ہے، معاشی تباہی 7، 8 ماہ کی بات نہیں، یہ پچھلے 4 سال کی بات ہے، ہم نے انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی ختم کی، لوڈ شیڈنگ ختم ہو گی، سرگودھا نے نواز شریف کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا، نواز شریف بھی سرگودھا کا ہاتھ کبھی نہیں چھوڑے گا۔
Comments are closed.