پنجاب اور خیبر پختون خوا اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے از خود نوٹس پر پاکستان بار کونسل نے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ کے 9 سینئر ترین ججز پر مشتمل بینچ بنایا جائے۔
پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں استدعا کی گئی ہے کہ اس بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود کو شامل کیا جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بینچ میں شامل ہونے سے غیر جانبداری کا تاثر آئے گا۔
پاکستان بار کونسل کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے عوام اور وکلاء برادری اس اہم معاملے کی سماعت پر سوال نہیں اٹھا سکیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بینچ کی یہ سماعت آئینی ذمے داری اور اتھارٹی کے تعین کے لیے ہے جو کے پی اور پنجاب میں انتخابات کی تاریخ سے متعلق ہے۔
پاکستان بار کونسل کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ توقع کرتے ہیں کہ جسٹس مظاہر اکبر نقوی رضاکارانہ طور پر بینچ سے علیحدہ ہو جائیں گے۔
Comments are closed.