وزیراعظم شہباز شریف وزراء کے کابینہ اجلاس میں وقت پر نہ آنے پر برہم ہو گئے۔
وزیراعظم نے کابینہ کے شرکاء کو وقت پر نہ آنے پر ناراضی کا اظہار کیا، انہیں بروقت شرکت کی تلقین کی اور کہا کہ کابینہ میٹنگ کے وقت کا خیال رکھا جائے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاملات کے ایک دو آئٹم رہ گئے ہیں، وہ بھی طے ہوجائیں گے، پروگرام جلد مل جائے گا۔
انہوں نےکہا کہ حکومت کفایت شعاری کو اولین ترجیح دے رہی ہے، آج ارکان پارلیمنٹ سے معیشت پر تعمیری گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کفایت شعاری کو اولین ترجیح دے رہی ہے، وقت قوم سے کفایت شعاری اور سادگی کا تقاضہ کر رہا ہے، قوم کڑے امتحان اور چیلنج سے گزر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی سے سبق حاصل کرکے ہمیں آج ہی آگے بڑھنا ہوگا، یہ آسان بات نہیں کہ مخلوط حکومت کڑے وقت میں متحد ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مخلوط حکومت پاکستان کو درست سمت پر لانے کی کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر، مشیر، بیوروکریٹ ہم سب کو پہلے کفایت شعاری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، پاکستانی حکومت چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک دوروں کے لیے فرسٹ کلاس کے بجائے اکانومی کلاس میں جانے کو ترجیح دوں گا۔
Comments are closed.