بدھ یکم شعبان المعظم 1444ھ 22؍فروری 2023ء

پی ٹی آئی رہنماؤں کیلئے بدین اوپن جیل کھول دی، ناصر شاہ

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی کی جانب سے جیل بھرو تحریک پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود اور اسد عمر پہلے ہی کیوں نہ گرفتاری دیں لیکن خان صاحب کی نااہلی کی صورت میں پی ٹی آئی کی صدارت پرویز الہٰی کریں گے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی بھی گرفتار رکن جب واپس آیا تو خان صاحب کا اُس پر اعتبار نہیں رہا اور اب اس میں اضافہ ہوگا۔ 

سید ناصر شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان کی نظر میں اب شہباز گل، فواد چوہدری اور اعظم سواتی قابلِ اعتبار نہیں رہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کے لیے بدین اوپن جیل کھول دی ہے۔ ہم نے مچھر مار اسپرے بدین اوپن جیل میں کروایا ہے۔ باقی چھپکلی، سانپوں اور کاکروچ سے ڈرنے والے سوچ سمجھ کر آئیں۔ 

ناصر شاہ نے کہا کہ بدین اوپن جیل بہت بڑی ہے، پی ٹی آئی کے شوقیہ قیدی وہاں کھیتی باڑی کر سکتے ہیں۔ سینٹرل جیل میں دوڑ لگانے اور بلدیاتی انتخابات میں دیوار پھلانگ کر بھاگنے والے پی ٹی آئی رہنما بدین جیل میں خوش رہیں گے۔ 

ناصر شاہ اس امید کا اظہار کیا کہ گرفتاری دینے والے ضمانت کی درخواستیں نہیں دینگے۔ ہم پی ٹی آئی والوں کی جیل میں خدمت بھی کریں گے اور اصلاح بھی کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.