سری لنکن اسپنر ونندو ہسارنگا کو پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے این او سی نہیں مل سکا جس کے بعد ان کے لیگ میں شرکت کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔
ہسارنگا کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پلاٹینم کیٹیگری میں ڈرافٹ کیا تھا اور فرنچائز کو امید تھی کہ وہ آج تک ٹیم کو جوائن کر لیں گے لیکن سری لنکن کرکٹر این او سی کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاکستان کا سفر نہیں کر سکے، وہ ان دنوں سری لنکا میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔
فرنچائز ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں ہسارنگا کی عدم دستیابی کے بارے میں اطلاعات ہیں اور اس سلسلے میں مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، ان آپشنز میں ری پلیسمنٹ پلیئر کی شمولیت بھی شامل ہے۔
اس سلسلے میں پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہسارنگا کے معاملے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بتا دیا ہے، پی سی بی کو معاملے میں بہتری کی امید تھی تاہم پیر کی رات تک صورت حال تبدیل نہیں ہوئی جس کے بعد ان کی پی ایس ایل میں شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کوسال میندس کو بھی پی ایس ایل میں شرکت کے لیے این او سی نہیں دیا گیا تھا جس کے سبب لاہور قلندرز کی ٹیم کو میندس کی جگہ شائے ہوپ کو پک کرنا پڑا۔
سری لنکا کے بھانوکا راجا پاکسے کو پی ایس ایل میں شرکت کے لیے این او سی مل چکا تھا اور وہ اس وقت پاکستان میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے کے لیے موجود ہیں۔
Comments are closed.