پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شہزاد وسیم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی آڈیو آئی، وہ دبنگ سیاسی لیڈر ہیں۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں کراچی میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے دعا کی گئی۔
اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شہزاد وسیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی گفتگو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، آڈیو لیکس جاری کی گئیں، فون ٹیپ کرنا غیر قانونی و غیر آئینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں الیکشن کی تاریخ نہ دے کر غیر آئینی اقدام کیا جا رہا ہے، صدر پاکستان کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے، عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی شخصی آزادیوں اور عدلیہ کے تحفظ کے لیے کھڑی ہے۔
شہزاد وسیم کا کہنا ہے کہ ملک کو دہشت گردی اور مہنگائی کے چیلنجز ہیں، ہر موقع کے لحاظ سے تھوک کے حساب سے آڈیو اور ویڈیوز دستیاب ہیں، ایسا لگ رہا ہے فیکٹری میں گفتگو تیار ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر نے کہا کہ پھر تیار گفتگو موقع کی مناسبت سے مارکیٹ میں جاری کر دی جاتی ہے، ججز کے بارے میں لیک آ رہی ہیں، یہ کس قانون کے تحت ہو رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کی سیکیور لائن تک کی آڈیو لیک آ رہی ہیں، یہاں قانون ساز لوگ ہیں ایک فیئر ٹرائل کا قانون تھا۔
Comments are closed.