پیر 28؍رجب المرجب 1444ھ20؍فروری 2023ء

مکہ مکرمہ کے سفر پر رواں 2 انڈونیشیائی سائیکلسٹ کراچی پہنچ گئے

انڈونیشیا سے مکہ مکرمہ جانے کے لیے سائیکل پر سفر کرنے والے 2 انڈونیشین شہریوں کے کراچی پہنچنے پر ان کا انڈونیشین قونصلیٹ  میں استقبال کیا گیا۔

ایوان اور ہیکل نامی یہ دونوں سائیکلنگ کے شوقین انڈونیشیا، سنگاپور، ملائیشیا اور تھائی لینڈ سے ہوتے ہوئے 15 فروری کو کراچی پہنچے۔

کراچی میں انڈونیشیا کے قونصل جنرل نے دونوں سائیکلسٹس کو رہائش کی سہولت فراہم کی اور ساتھ ہی ایرانی ویزوں کے حصول کے عمل میں بھی مدد فراہم کی جس کا استعمال وہ دونوں بلوچستان کے راستے ایرانی حدود میں داخل ہونے کے لیے کریں گے۔

انڈونیشین قونصل جنرل پاکستان میں سرحدی علاقوں کے سفر کے دوران دونوں سائیکلسٹس کی حفاظت کے بارے میں فکر مند ہیں اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ دونوں دوست مسلم ممالک کے درمیان تعلقات کی علامت کے طور پر سفر کے دوران انڈونیشیا اور پاکستانی پرچم ساتھ رکھیں۔

اس کے علاوہ کراچی میں موجود انڈونیشین قونصل جنرل تہران میں بھی انڈونیشیا کے سفارت خانے سے رابطہ کر کے انہیں سائیکل سواروں کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

مقدس شہر مکہ مکرمہ جاتے ہوئے یہ دونوں پرجوش انڈونیشین نوجوان  ایران بھی جائیں گے۔

اس موقع پر انڈونیشیا کے قونصل جنرل نے سائیکلسٹس کے سائیکل پر مکہ مکرمہ تک پہنچنے کے جذبے اور لگن کو بھی سراہا۔

اُنہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہمیں انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ان دونوں سائیکلسٹس کی کراچی آمد پر اور مکہ مکرمہ جاتے ہوئے پاکستان میں قیام کے دوران ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ہمیں یہ بھی امید ہے کہ اپنی مقدس منزل تک پہنچنے کے لیے ان کا سفر ہموار اور محفوظ طریقے سے گزرے گا اور یہ سفر ان کے لیے ایک قیمتی اور متاثر کن تجربہ ثابت ہوگا‘۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.