پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز کا میڈیا سیل اعلیٰ عدلیہ کے خلاف منظم مہم چلا رہا ہے۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ عدلیہ مخالف مہم کا مقصد عدلیہ کو دفاعی پوزیشن پر لے کر جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1100 ارب کا جو این آر او لیا گیا، سپریم کورٹ اس کے اوپر فیصلہ دینے والی ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ 90 دن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ہونے ہیں، اب 60 دن سے بھی کم مدت رہ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم چاہتی ہے الیکشن نہ ہوں کیونکہ الیکشن ہوئے تو عمران خان آتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ یہ ملک میں مارشل لاء لگوانے کے لیے منظم مہم چلا رہے ہیں، عدلیہ نظریہ ضرورت کے علاوہ تاریخ نہیں بڑھا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام ٹھیک ہوگا تو ملکی معیشت ٹھیک ہوگی، ڈالر کے بڑھنے سے فائدہ نواز شریف اور اسحاق ڈار کو ہوتا ہے۔
Comments are closed.