وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عدلیہ کے کچھ فیصلے عمران خان کی سیاست کے پیچھے کھڑے ہیں، سیاسی نالائقی پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نوبل انعام کے حقدار ہیں۔
شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا سیاست سے باہر نکلنا ’ووٹ کو عزت دو‘ کی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو بیانیہ زندہ ہے، زندہ رہے گا، خوشی ہے علی وزیر کو رہائی ملی، یہ قانون کی جیت ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئین پاکستان عوام کے حق حکمرانی کی نگہبانی کرتا ہے، عمران خان کی حکومت دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع دے کر گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، بیوروکریسی اور سیاست دانوں کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، عمران حکومت کو بعض ججوں اور جرنیلوں نے ہم پر مسلط کیا۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پرویز الہٰی ٹیپ سے میچ فکسنگ کے بعد اب عدالتی کیس فکسنگ ہو رہی ہے، ٹیپ کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لگتا ہے عمران خان ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بن چکا ہے، بھارت اور پی ٹی آئی میڈیا سیل ایٹمی پروگرام کے خلاف بےبنیاد مہم چلا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست کو ختم ہوتا دیکھ کر حواس باختہ ہوچکا ہے، وہ اپنے کارکنان کو جیلوں میں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مشکور ہیں کہ وہ اپنے کارکنان کو جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں، دو صوبائی حکومتیں ختم کرنے پر بھی پی ٹی آئی چیئرمین کے شکر گزار ہیں۔
Comments are closed.