پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 186 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگنز نے شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 185 رنز بنائے، یوں لاہور قلندرز کو 186 رنز کا ہدف ملا ہے۔
پاور پلے کے اختتام تک کراچی نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 61 رنز بنائے، پہلے بیٹنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کراچی کنگز کے اوپنرز جیمز وِنس اور میتھیو ویڈ نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ دونوں کے درمیان 70 رنز کی دھواں دار شراکت قائم ہوئی، جہاں ویڈ 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، طاہر بیگ، شے ہوپ، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا بٹ، لیام ڈاسن، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔
کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میتھیو ویڈ، جیمز وِنس، حیدر علی، شعیب ملک، عرفان خان نیازی، بین کٹنگ،محمد عامر، عمران طاہر، عامر یامین اور عاکف جاوید شامل ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور قلندرز کا ایونٹ میں یہ دوسرا میچ ہے، اس نے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کو شکست دی تھی۔
دوسری جانب کراچی کنگز پی ایس ایل 8 میں اپنا چوتھا میچ کھیل رہی ہے، اسے گزشتہ تینوں مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Comments are closed.