
امریکی ریاست جارجیا سے تعلق رکھنے والے کیسی کنگ نامی ایک سوشل میڈیا صارف نے 260 کلو سے زائد وزن کم کرنے کی حیران کن کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
کچھ عرصہ قبل کیسی کنگ کی 355 کلوگرام وزن ہونے کی وجہ سے ایسی حالت ہو گئی تھی کہ وہ نہاتے ہوئے باتھ روم میں 11 گھنٹے پھنسے رہے۔
اُنہوں نے اپنے موٹاپے کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اندھیرا ہے لیکن میں نے باہر نکلنے کی کوشش کی اور اس دوران مجھے بہت زیادہ تکلیف ہوئی لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔
کیسی کنگ نے بتایا کہ میں اپنا وزن کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر کے تھک گیا تھا لیکن میرا وزن کم ہوتا نہیں تھا، جب میں نوجوان تھا تو مجھے میرے ارد گرد کے لوگوں نے قبول کرنے سے ہی انکار کر دیا تھا اور بہت کم ایسے لوگ تھے جو مجھ سے دوستی کرتے تھے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت صرف کھانا ہی میری خوشی کی وجہ بنتا تھا، میں فرینچ فرائز کے ساتھ ساتھ بگ میک کے سپر سائزڈ کھانے کا ایک پورا بیگ کھا جاتا تھا۔
کیسی کنگ نے بتایا کہ میری والدہ میرے وزن کے بارے میں بہت فکر مند ہو گئی تھیں اور اس لیے میں نے ہائی اسکول میں وزن کم کرنے کے لیے کئی دوائیں آزمائی تھیں لیکن ان دواؤں کا کچھ اثر نہیں ہوا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نوجوانی میں اتنا موٹا ہو گیا تھا کہ اپنے جوتے یا کپڑے پہننے جیسے بنیادی کام بھی خود نہیں کر سکتا تھا، ان تمام کاموں کے لیے گھر والوں پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔
کیسی کنگ نے بتایا کہ اب جبکہ میں نے اپنا کافی وزن کم کر لیا ہے تو بھی میرے جسم کے ساتھ موجود لٹکی ہوئی جلد کی وجہ سے میری زندگی بہت مشکل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزن بڑھنے کی وجہ سے میری ذہنی صحت بہت متاثر ہوئی کیونکہ میرے سماجی رابطے محدود ہونے کی وجہ سے مجھے اپنا آپ بہت تنہا محسوس ہوتا تھا۔
کیسی کنگ نے 2011ء میں اپنی زندگی میں آنے والی بڑی تبدیلی کے بارے میں بتایا کہ 2011ء میں میرا بھتیجا تھامس پیدا ہوا تو مجھے احساس ہوا کہ میں اس بچے کا انکل ہوں تو مجھے ہوشیار اور پیار کرنے والا ہونا چاہیے۔
اُنہوں نے بتایا کہ پھر میں نے جم جانا شروع کیا اور ایک ہفتے میں چار بار جم جانے کے ساتھ ساتھ اپنی کیلوریز کی مقدار کو بھی کم کیا، میری 2018ء میں وزن کم کرنے کے لیے ایک سرجری بھی ہوئی جس سے مجھے مزید وزن کم کرنےکا حوصلہ ملا۔
کیسی کنگ نے اپنی بات کو مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میں اب مزید بہتر نظر آنا چاہتا ہوں۔
Comments are closed.