
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری کی بدولت 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 168رنز بنائے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 32 کے اسکور پر گر گئی، جیسن روئے صفر، عبدالواحد بنگلزئی صفر، عمر اکمل 4 اور کپتان سرفراز احمد 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پانچویں وکٹ پر مارٹن گپٹل اور افتخار احمد نے 69 رنز کی شراکت قائم کی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بہتر پوزیشن میں لے آئے۔
افتخار احمد اس دوران محمد عامر کو چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 32 رنز کی اننگز میں 3 چوکے مارے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹر محمد نواز تھے، جو صرف 3 رنز بنا سکے۔
ایک طرف سے وکٹیں گرنے اور رن ریٹ گرنے کے باوجود مارٹن گپٹل نے 67 گیندوں پر 117 رنز کی دھواں دار باری کھیلی اور پی ایس ایل 8 میں پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔
مارٹن گپٹل نے اس دوران 12 چوکے اور 5 چھکے لگائے لیکن اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل ٹاس کے لیے سرفراز احمد اور عماد وسیم میدان میں اترے، عماد نے ٹاس جیت کر سرفراز الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ایونٹ میں کراچی کنگز کا یہ تیسرا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا یہ دوسرا مقابلہ ہے۔
کراچی کنگز کو ابتدائی دونوں میچز میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے شکست سے دوچار کیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو واحد شکست ملتان سلطانز سے ہوئی ہے۔
Comments are closed.