کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے میں شہید ہونے والے تین اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ واقعے میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اجمل مسیح کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئیں۔
جمعہ کی شام شارع فیصل پر قائم ایڈیشنل آئی جی کراچی کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ تیسرے نے اپنی خودکش جیکٹ پھاڑ لی۔
واقعے میں دو پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید ہوا۔ رینجرز اہلکار تیمور کی نماز جنازہ رینجرز ہیڈکوارٹرز میں ادا کی گئی جبکہ پولیس اہلکاروں غلام عباس اور سعید کی نماز جنازہ سینٹرل پولیس آفس میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کراچی پولیس کے سربراہ جاوید عالم اوڈھو سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد رینجرز اہلکار کی میت ملتان جبکہ پولیس اہلکاروں کی میتیں بھی اندرون سندھ ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔
واقعے میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اجمل مسیح کی آخری رسومات بھی پولیس ہیڈ آفس میں ادا کی گئیں جس کے بعد جسد خاکی پنجاب روانہ کردیا گیا۔
Comments are closed.