ہفتہ 26؍رجب المرجب 1444ھ18؍فروری 2023ء

ایف آئی اے نے اپنی چارج شیٹ میں کرپٹو کرنسی کے کاروبار کا کوئی الزام عائد نہیں کیا،وکیل وقار ذکا

وقار ذکا کے وکیل صلاح الدین پنہور نے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے اپنی چارج شیٹ میں کرپٹو کرنسی کے کاروبار کا کوئی الزام عائد نہیں کیا بلکہ چارج شیٹ میں الیکٹرونک میڈیا یا سوشل میڈیا میں کرپٹو کرنسی کے موضوع پر بات کرنے کو چارج شیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

کرپٹو کرنسی کے غیرقانونی کاروبار کے حوالے سے جاری کیس کے حوالے سے وقار ذکا کے وکیل صلاح الدین پنہور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیس کے آغاز میں وقار ذکا کے خلاف کرپٹو کرنسی کو پاکستان میں متعارف کرانے کے حوالے سے ایک انکوائری ہوئی جس میں ایف آئی اے وقار ذکا کے خلاف کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکی کہ وقار ذکا نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ وقار ذکا اور ان کی قانونی ٹیم پہلے ہی ہائیکورٹ میں کرپٹو کرنسی کو پاکستان میں قانونی حیثیت دلوانے کے لیے مقدمہ لڑ رہی ہے جس پر بھی اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ سے ہائیکورٹ نے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

دوسری جانب وقار ذکا کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے جو ساڑھے 8 کڑوڑ ان کے اکاؤنٹ میں بیرون ملک سے آئے ہیں اسے کرپٹو کرنسی کی آمدنی کہا ہے جو بلکل غلط ہے کیونکہ یہ رقم ان کو فیس بک پر ان کی ویڈیوز کی آمدنی کے طور پر بھیجی گئی ہے جسے اسٹیٹ بینک سے ویریفائی کیا جاسکتا ہے۔

وقار ذکا نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ اپنے ملک کے لیے قانونی ذرائع سے زرمبادلہ ملک میں لے کر آئے جس میں ایک ڈالر بھی کرپٹو کرنسی کا نہیں ہے۔

 وقار ذکا نے کہا کہ ان پر عمران خان کی حکومت میں فیس بک اور ٹوئٹر پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف بیانات دینے کے بعد ایف آئی اے نے پہلے زبان بندی کے لیے دباؤ ڈالا، اس کے بعد ملک چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈالا اور جب ان کے گھر پر چھاپے مارے گئے، والدین اور بہنوں کو ہراساں کیا گیا، بینک اکاؤنٹ منجمد کردیے گئے تو انہیں مجبوری میں ملک چھوڑنا پڑا۔

وقار ذکا نے کہا کہ ان کو پاکستانی عدالتوں پر مکمل بھروسہ ہے، اگر آن لائن پیشی کی اجازت مل جائے تو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کو تیار ہوں، جس رقم کا الزام لگایا جارہا ہے کہ وہ بیرون ملک سے غیر قانونی طور پر آئی دراصل وہ فیس بک کی جانب سے ان کے اکاؤنٹ میں آئی ہے اور جائز ہے۔

وقار ذکا نے کہا کہ وہ کرپٹو کرنسی کو پاکستان میں قانونی حیثیت دلوانے کے لیے کام کر رہے ہیں، اس کا کیس ہائیکورٹ میں ہے لیکن انہوں نے کبھی پاکستان میں کرپٹو کا کاروبار نہیں کیا۔

وقار ذکا نے بتایا وہ آج کل امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور جلد ہی پاکستان روانہ ہوں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.