الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر عارف علوی کے خط کا جواب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران اور اعلیٰ حکام ایوانِ صدر میں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے خط میں لکھے الفاظ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جوابی خط میں ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے جوابی خط میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو آئین اور قانون پر عمل کرتا ہے۔
جوابی خط کے متن کے مطابق الیکشن کمیشن عدلیہ کے فیصلوں کا احترام اور من و عن عمل کرتا ہے۔
جوابی خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے بارے میں بےحسی کے الفاظ لکھنا مناسب نہیں، ایسے الفاظ لکھنے پر افسوس اور مایوسی ہوئی۔
جواب میں یہ بھی لکھا گیا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوانِ صدر میں اجلاس پیر کو دن 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خط کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دی تھی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو 20 فروری کو ایوانِ صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت انتخابات کے حوالے سے مشاورت کے لیے دعوت دی ہے۔
Comments are closed.