ہفتہ 26؍رجب المرجب 1444ھ18؍فروری 2023ء

کراچی حملہ، تمام ریلوے اسٹیشنز پر سیکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملے کے بعد ریلوے پولیس نے تمام ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی ریلوے کے احکامات کی روشنی میں تمام ڈویژنز کے ایس پیز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیشنز کے داخلی اور خارجی راستوں کی چیکنگ مزید بڑھا دی گئی ہے۔

ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے ذریعے سرچ اور کلیئر کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ غیر ضروری نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

کراچی پولیس آفس پر حملے سے متعلق تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشتگرد مبینہ طور پر عقبی دیوار کود کر داخل ہوئے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام ایس پیز نے ریلوے اسٹیشنز کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دہشت گردوں نے کراچی پولیس آفس پر حملہ کیا تھا جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔

آپریشن کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ حملے میں 2 پولیس جوان اور ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.