جمعہ 25؍رجب المرجب 1444ھ17؍فروری 2023ء

نریندر مودی پر تنقید کرنے والا جورج سوروس کون ہے؟

بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرنے والے امریکا کے معروف ارب پتی سرمایہ کار جورج سوروس ان دنوں کافی خبروں میں ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جورج سوروس نے حال ہی میں نریندر مودی پر تنقید اور گوتم اڈانی سے متعلق رپورٹ پر سوالات اٹھائے تھے۔

جورج سوروس نے کہا ہے کہ مودی اس معاملے پر خاموش ہیں لیکن انہیں ارب پتی کمپنیوں کے خلاف دھوکا دہی اور اسٹاک میں ہیرا پھیری کے الزامات پر غیرملکی سرماریہ کاروں اور پارلیمنٹ میں سوالوں کا جواب دینا ہوگا۔

جورج سوروس نے کہا ہے کہ یہ بھارت کی وفاقی حکومت پر مودی کی گرفت کو نمایاں طور پر کمزور کر دے گا اور انتہائی ضروری ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے آگے بڑھنے کا دروازہ کھول دے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں بھارت میں جمہوریت کی بحالی کی توقع رکھتا ہوں۔

دوسری جانب جورج سوروس کے بیان پر بی جے پی نے بھی اپنا موقف دیا ہے۔

بی جے پی کی مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے جورج سوروس کے بیان کو بھارت کے جمہوری عمل کو تباہ کرنے کا اعلان قرار دیا اور کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ چھیڑی جا رہی ہے۔

سمرتی ایرانی نے کہا کہ وزیراعظم مودی اس جنگ اور ملک کے مفاد کے درمیان کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ جورج سوروس نے 2020ء میں بھی نریندر مودی پر سخت تنقید کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ سب سے بڑا اور خوفناک دھچکا انڈیا میں لگا ہے جہاں جمہوری طریقے سے منتخب نریندر مودی ایک ہندو قوم پرست مملکت قائم کر رہے ہیں۔

جورج سوروس نے کہا تھا کہ مودی نے مسلم آبادی والے مقبوضہ کشمیر کو اجتماعی طور پر معتوب کر رکھا ہے اور جو ملک کے لاکھوں مسلمانوں کو ان کی شہریت سے محروم کرنے کی طرف گامزن ہیں۔

جورج سوروس دوسری جنگ عظیم سے قبل کے مشرقی یورپ کے ملک ہنگری میں پیدا ہوئے۔

وہ ان یہودیوں میں سے ہیں جو ہولوکاسٹ اور کیمونسٹ حکومت سے جان بچا کر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

وہ 40 سال سے زائد سے دنیا کے 120 ملکوں میں فلاحی کام کرنے والی تنظیم اوپن سوسائٹی فاونڈیشنز کے سربراہ ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.