جمعہ 25؍رجب المرجب 1444ھ17؍فروری 2023ء

بدترین ملک گیر بجلی بریک ڈاؤن کی انکوائری رپورٹ تیار، ذمے داروں کا تعین ہوگیا

ملک میں 23 جنوری 2023ء کے بدترین بریک ڈاؤن کی انکوائری رپورٹ تیار کرلی گئی۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک کی سربراہی میں کمیٹی نے رپورٹ تیار کی۔

بریک ڈاؤن کی رپورٹ 13 صفحات پر مشتمل ہے، انکوائری رپورٹ وفاقی کابینہ کو بھجوادی گئی ہے۔

رپورٹ میں نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے افسران، پاور کنٹرول مینجمنٹ اور شفٹ انچارج کو ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔

کمیٹی نے رپورٹ میں سفارش کی کہ بجلی کی پیداوار کے لیے پاور پلانٹس کے میرٹ آرڈر پر سختی سے عمل کیا جائے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی کہ پن بجلی منصوبوں میں ٹرپنگ کے بعد جلد از جلد بحالی کی صلاحیت کی تحقیقات کی جائیں۔

کمیٹی نے رپورٹ میں مزید کہا کہ پن بجلی والے منصوبے ٹرپنگ کے فوری بعد بجلی کی پیداوار میں ناکام رہے، این ٹی ڈی سی، واپڈا، آئی پی پیز بجلی بحالی کا باقاعدہ نظام مرتب کریں۔

رپورٹ میں کمیٹی نے سفارش کی کہ سالانہ بنیادوں پر بلیک آؤٹ کی صورتحال سےنمٹنے کا پری ٹیسٹ کیا جائے، پاور سسٹم آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی بنیاد پر چلایا جائے۔

کمیٹی نے رپورٹ میں یہ بھی کہا کہ دسمبر جنوری کے لیے واپڈا، این ٹی ڈی سی، ارسا اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) تیار کریں کیونکہ اس دورانیے میں پن بجلی کی پیداوار انتہائی کم ہوجاتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.