پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ چھ چھکے پڑنے کی مجھے کوئی پرواہ نہیں۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ جب چھ چھکے پڑے تھے تب بھی دکھ نہیں ہوا تھا اور اب بھی دکھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھ چھکوں کا کریڈٹ افتخار احمد کو جاتا ہے، افتخار بھرپور فارم میں ہیں۔ ایک اوور میں چھ چھکے مارنا آسان نہیں ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ یہ ایک نمائشی میچ تھا، ڈومیسٹک میچ کی طرح شدت نہیں ہوتی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 سے متعلق زلمی کے فاسٹ بولر نے کہا کہ دیکھنا یہ ہو گا پی ایس ایل 8 میں کیا کارکردگی ہوتی ہے؟
وہاب ریاض نے نگراں وزیر بننے سے متعلق کہا کہ مجھے سیاست میں آنے کا موقع ملا تو میں نے اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے لیے کچھ کرنے کا سوچ کر آیا ہوں، کرکٹرز کی مراعات اور شہرت زیادہ ہوتی ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ اولمپکس اور دیگر گیمز کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہاکی، اسکواش اور بیڈ منٹن جیسے کھیلوں پر توجہ دینی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میرا ٹارگٹ زیادہ ٹورنامنٹ کروانا اور کھلاڑیوں کو مراعات دینا ہے۔
ایونٹ میں اپنی ٹیم کی پہلے میچ میں جیت پر بات کرتے ہوئے وہاب نے کہا کہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کا آغاز اچھا ہوا ہے، تسلسل کو قائم رکھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں کامیابی سے اعتماد ملا ہے اور کامبی نیشن کا بھی پتہ چلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ چیز اہم نہیں کہ کون پرفارم کر رہا ہے، مجھے دیکھنا ہے کہ میں کیسا پرفارم کرتا ہوں۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایسا پلیٹ فارم ہے کہ ہر کوئی پرفارم کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہے، میرے کھیلنے کا مقصد یہی ہے کہ میں نے کم بیک کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باقی سب کی طرح میں بھی پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں، لیگز کھیل کر میں بھی خود کو متحرک رکھتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی فٹ ہوں، کرکٹ کھیل رہا ہوں، اب مجھے جہاں موقع ملے وہاں پرفارم کرنا ہے۔
Comments are closed.