جمعرات 24؍ رجب المرجب 1444ھ 16؍ فروری 2023ء

پاکستان کیلئے بطور بیٹنگ آل راؤنڈر لمبا کھیلنا چاہتا ہوں، حسین طلعت

لاہور قلندز کے آل راؤنڈر حسین طلعت نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے بطور بیٹنگ آل راؤنڈر لمبا کھیلنا چاہتا ہوں۔ 

کراچی میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حسین طلعت کا کہنا تھا کہ جس انداز میں قلندرز نے پچھلا سیزن ختم کیا اسی انداز میں یہ سیزن شروع کیا ہے۔ 

حسین طلعت نے کہا کہ میرا لاہور قلندرز کے ساتھ پہلا سیزن ہے، کافی انجوائے کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور لاہور کا میچ ہمیشہ زبردست ہوتا ہے، ہر کوئی پرجوش ہوتا ہے۔ جو مومینٹم ہے اور جو ٹیم کا ماحول ہے اس کے بعد انشاءاللّٰہ یہ میچ بھی ہم جیتیں گے۔

کراچی پی ایس ایل 8 کے افتتاحی میچ میں کامیابی کے بعد…

انہوں نے کہا کہ میری یہی سوچ ہے کہ میں ٹیم کی ڈیمانڈ کو پورا کروں، اپنے ذاتی اہداف کو سائیڈ میں رکھ کر ٹیم کے لیے پرفارم کرتا ہوں۔

حسین طلعت کا کہنا تھا کہ کم اسکور کریں یا زیادہ اسکور کریں، لیکن اہم اس اسکور کا ٹیم کے کام آنا ہے۔ 

آل راؤنڈر نے کہا کہ ملتان میں پچ ڈبل پیس تھی، ملتان کی بولنگ لائن اچھی ہے۔ پہلے میچ فخر زمان نے مشکل کنڈیشن میں زبردست بیٹنگ کی، ان کی بیٹنگ کی وجہ سے بعد میں آنے والوں کو اٹیک کا موقع ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ بولنگ کو دیکھ کر ہمیں اعتماد تھا کہ ہم ٹوٹل کا دفاع کرسکتے ہیں۔ کسی بھی فیلڈ میں اگر کارکردگی کو سراہا جائے تو اس سے اعتماد اچھا ہوتا ہے۔

حسین طلعت نے کہا کہ کرکٹ سمیت ہر شعبے میں کارکردگی کو سرہائے جانے سے انسان خوش ہوتا ہے۔ نیپال پریمیئر لیگ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ تھا، پی ایس ایل میں بھی یہی ایوارڈ لینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں کم بیک کرنے کا خواہشمند ہوں، 2021 میں آخری بار کھیلا تھا جس کے بعد ڈراپ کردیا گیا تھا۔

حسین طلعت نے کہا کہ ڈومیسٹک کے دو سیزن میرے بہت اچھے گئے ہیں۔ ریڈ بال کی بولنگ بہتر کرنے کے لیے فرسٹ کلاس میں طویل بولنگ کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.