
ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے چوتھے میچ میں شکست پر کراچی کنگز کے بیٹر حیدر علی نے کہا ہے کہ اس شکست کا ذمہ دار کسی کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ مذکورہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر علی نے کہا کہ بدقسمتی سے دونوں میچز ہار گئے، دونوں میچز جیت کے قریب پہنچ کر ہارے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیو فیکٹر تھا، ہو سکتا ہے اس وجہ سے زیادہ اچھی بولنگ نہیں ہو سکی۔ دو اوورز پہلے اسلام آباد نے ہدف مکمل کیا، میچ میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ کی جانب سے مکمل سپورٹ ہے، مجھے کسی بھی نمبر پر بھیجیں ہدایت یہ ہوتی ہے کہ پانی بیسٹ کرکٹ کھیلیں۔
حیدر علی کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ پر باقی دو میچز ہمارے لیے بہت اہم ہیں، پوری کوشش ہوگی کہ دونوں میچز جیتیں۔
انہوں نے کہا کہ دو میچز ضرور ہار گئے لیکن کوشش ہے کم بیک کریں۔
اپنی بیٹنگ پوزیشن پر حیدر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کبھی بھی کوئی نمبر مل جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے ساتھ سفر اچھا رہا۔ کراچی میں جس نمبر پر جگہ ملے گی، میں پرفارم کروں گا۔ ٹیم جس نمبر پر بھیجے میں تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی صرف کوشش کرتا ہے۔ کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ رنز کم بنائے۔
کراچی کنگز کے بیٹر نے کہا کہ وسیم اکرم بھائی بہت کچھ سکھاتے ہیں، انہوں نے مجھے میرا نیچرل گیم کھیلنے کا کہا ہے۔
Comments are closed.