جمعرات 24؍ رجب المرجب 1444ھ 16؍ فروری 2023ء

کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 174 رنز کا ہدف دے دیا

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے چوتھے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے جارہے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

کنگز کو پہلے ہی اوور میں جیمز وِنس کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا جنہیں رومان رئیس نے 5 کے مجموعے پر بولڈ کیا۔ انہوں نے 4 رنز بنائے تھے۔

اس کے بعد شرجیل خان اور حیدر علی کے درمیان 77 رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی، دونوں نے ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کرنے کی کوشش کی۔

شرجیل خان 82 کے مجموعے پر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن حیدر علی اور میتھیو ویڈ نے 35 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

حیدر چھکا لگانے کی کوشش میں 117 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔

اس کے بعد میتھیو ویڈ 125 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 18 رنز بنائے تھے جبکہ اگلی ہی گیند پر عماد وسیم بھی کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دونوں کو محمد وسیم نے آؤٹ کیا۔ 

اختتامی لمحات میں عرفان خان نیازی کے 19، شعیب ملک کے 18 اور جیمز فلر کے 12 رنز کی بدولت کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس، محمد وسیم اور ٹام کرن نے دو دو جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ لی۔ 

واضح رہے کہ ایونٹ میں یہ کراچی کنگز کا دوسرا میچ ہے، اسے پہلے میچ میں پشاور زلمی کے ہاتھوں 2 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش میں میدان میں اتریں۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم شاداب خان کی کپتانی میں میدان میں اتری۔ 

اس کے دیگر کھلاڑیوں میں حسان نواز، پال اسٹرلنگ، کولن منرو، ریسی ون ڈر ڈسن، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، ٹام کرن، محمد وسیم جونیئر اور رومان رئیس شامل ہیں۔

کراچی کنگز کی کپتانی عماد وسیم کر رہے ہیں، ٹیم میں چار تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جہاں جیمز وِنس، جیمز فلر، موسیٰ خان اور عرفان نیازی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ 

کراچی کنگز کی ٹیم عماد وسیم، جیمز وِنس، شرجیل خان، حیدر علی، شعیب ملک، میتھیو ویڈ، عرفان نیازی، جیمز فلر، اینڈریو ٹائے، موسیٰ خان اور محمد عامر شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.