بدھ 23؍رجب المرجب 1444ھ15؍فروری 2023ء

لاہور ہائیکورٹ نے بغیر پیش ہوئے عمران خان کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو عدالت میں پیش ہوئے بغیر ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔

عمران خان کی میڈیکل گراؤنڈ پرحفاظتی ضمانت کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ  نے سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل جسٹس طارق سلیم شیخ کے روبرو پیش ہوئے، جبکہ رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

فواد چوہدری نے عدالت میں استدعا کی کہ میں کچھ کہنا چاہتا ہوں، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ یونیفارم میں نہیں، آپ کو نہیں سن سکتا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے عدالت سے استدعا کی کہ صبح دلائل کیلئے رکھ لیں، جواب میں جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ یہ نہیں ہوگا، صبح پیش ہونے کی یقین دہانی ہوگی تو سماعت ملتوی کروں گا۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی میڈیکل گراؤنڈ پر ریلیف دیا ہے، ڈاکٹرز نے بھی عمران خان کو اجازت نہیں دی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق چلنا پھرنا مشکل ہے، عمران خان متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ میڈیکل کے مطابق تین ہفتے تک عمران خان چل پھر نہیں سکتے، میڈیکل گراؤنڈ پر حفاظتی ضمانت دے دیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ حفاظتی ضمانت کا قانون کیا ہے؟، حفاظتی ضمانت میں ملزم کی پیشی ضروری ہے، زیادہ مسئلہ ہے تو ایمبولینس میں آجائیں، قانون سب کیلئے برابر ہے۔

جسٹس طارق سلیم نے ریمارکس دیے کہ اصولی طور پر مجھے یہ درخواست خارج کر دینی چاہیے، لیکن رعایت دے رہا ہوں۔

عمران خان کے وکلا کی جانب سے مشاورت کیلئے وقت دینے کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے سماعت سوا آٹھ بجے تک ملتوی کردی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.