بدھ 23؍رجب المرجب 1444ھ15؍فروری 2023ء

بریت کی درخواست مسترد ہونے کیخلاف اپیل، عدالت شہباز گِل کے وکیل پر برہم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیشن کورٹ سے بریت کی درخواست مسترد کیے جانے کے خلاف پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کی درخواست کی سماعت کے دوران مدعی کے وکیل پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی جس کے دوران شہباز گِل کی طرف سے وکیل شہریار طارق پیش ہوئے۔

شہباز گِل کے وکیل شہریار طارق نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ایک مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے۔

شہباز گِل کے وکیل کی طرف سے عدالت میں جمع کرائی گئی پیپر بک پر نمبرنگ نہ ہونے پر عدالت نے اظہارِ برہمی کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے برہم ہوتے ہوئے شہباز گِل کے وکیل سے کہا کہ اپنے کیس کو خود خراب نہ کریں، معاملہ کچھ اور ہے، آپ کسی اور معاملے پر فیصلوں کا حوالہ دے رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بھارتی عدالت کے حوالے کو چھوڑیں پہلے اپنی سپریم کورٹ کے ہی فیصلے دیکھ لیں، جسٹس آصف سعید کھوسہ کے متعدد فیصلے موجود ہیں۔

اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں بریت کے لیے شہباز گِل نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے یہ بھی کہا کہ معذرت کے ساتھ مجھے کچھ پتہ نہیں چل رہا کہ آپ کہاں سے پڑھ رہے ہیں۔

عدالتِ عالیہ نے شہباز گِل کے وکیل کی استدعا پر کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.