بدھ 23؍رجب المرجب 1444ھ15؍فروری 2023ء

امریکی محکمۂ خارجہ کا وفد 17 فروری کو پاکستان آئے گا

امریکی محکمۂ خارجہ کے قونصلر ڈیرک شولے کی قیادت میں وفد 17 فروری کو پاکستان پہنچے گا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے قونصلر ڈیرک شولے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران سینئر پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں اہم امور پر بات چیت کریں گے۔

امریکی اعلیٰ سطح کے وفد کی آمد کا مقصد پاک امریکا اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا، انسدادِ دہشت گردی تعاون کو بڑھانا اور موسمیاتی بحران کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تعاون کی کوششوں میں تعاون کرنا ہے۔

اپنے دورے کے دوران امریکی محکمۂ خارجہ کے قونصلر ڈیرک شولے ممکنہ طور پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اپنے دورے کے دوران امریکی محکمۂ خارجہ کے سینئر عہدے داروں کے وفد کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے قونصلر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں اعلیٰ سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے ارکان اور کاروباری رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔

ان ملاقاتوں کا مقصد دو طرفہ شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف کی توثیق ہے۔

اس سے قبل امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ 14 تا 18 فروری ڈیوڈ شولے کی قیادت میں وفد بنگلا دیش اور پاکستان کا دورہ کرے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.