منگل 22رجب المرجب 1444ھ14؍فروری 2023ء

گورنر پنجاب نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ نہیں دی، اعلامیہ ای سی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب نے صوبائی اسمبلی پنجاب کے انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔

پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ پر مشاورت کے لیے الیکشن کمیشن حکام نے گورنر پنجاب سے ملاقات کی۔

لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر سیکریٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکریٹری، ڈائریکٹر جنرل لاء کی گورنر پنجاب سے مشاورتی میٹنگ ہوئی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے گورنر پنجاب کو بریفنگ میں بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق صوبہ میں پنجاب اسمبلی پنجاب کی الیکشن کی تاریخ پر مشاورت کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی ہدایت پر یہ میٹنگ ہو رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں کی لہٰذ ا وہ آئین کے تحت الیکشن کی تاریخ دینے کے مجاز نہیں۔ اس صورتحال میں ان کی تجویز الیکشن کمیشن پر لازم نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی ماورائے آئین و قانون اقدام اٹھانا نہیں چاہتا، ہائیکورٹ کا فیصلہ تشریح طلب ہے جس کے لیے ہم قانونی راستہ اختیار کر رہے ہیں تاکہ آئین و قانون کی ضروری تشریح کی جائے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب 8 فروری کو الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد میں پنجاب کے فنانشل اور سیکیورٹی مسائل کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو تفصیلی بریفنگ دے چکے ہیں۔ لہٰذا آج کے مشاورتی اجلاس میں دوبارہ بریفنگ کی ضرورت نہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.