نیو ٹاؤن پولیس نے ایک کارروائی کے دوران قتل، منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ محمد دین ولد ولی گل کی گرفتاری غیرقانونی اسلحہ سمیت عمل میں آئی۔
ملزم محمد دین کا ایک سہولت کار اور ایک ساتھی ساحل عرف سعود پہلے ہی جیل میں ہیں۔ ملزم مومن آباد تھانے سے منشیات کے مقدمے میں جبکہ منگھو پیر میں ناجائز اسلحہ اور قتل کی واردات میں مفرور تھا۔
گرفتار سیکیورٹی گارڈ قتل، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، منشیات فروشی اور ڈکیتیوں کی وارداتوں سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق ملزم نے منگھو پیر کے علاقے میں 13 جون 2022 کو پیٹرول پمپ پر ساتھیوں سمیت ڈکیتی کے دوران محمد حسین کو قتل کر دیا تھا۔ مسلم خان کی مدعیت میں تھانہ منگھو پیر میں اس کا مقدمہ درج ہے۔
ملزم محمد دین کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او نیو ٹاؤن محمد سعود نے چھاپہ مار کاررواٸی کرکے اسے گرفتار کیا۔ ملزم کیخلاف مقدمہ الزام نمبر 73/2023 زیر دفعہ 23 ون اے درج کیا گیا ہے۔
گرفتار سیکیورٹی گارڈ کو مال مقدمات سمیت انویسٹی گیشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی کے عہدیداروں سے بھی اس معاملے پر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
سوال اٹھایا گیا ہے کہ کمپنی نے ملزم کو بغیر پولیس تصدیق کے کیسے اسلحہ دے کر ڈیوٹی پر رکھ لیا۔
Comments are closed.