منگل 22رجب المرجب 1444ھ14؍فروری 2023ء

یو اے ای: اب طلباء کو روبوٹ پڑھائیں گے

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اعلان کیا ہے کہ جلد طلباء کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) سے چلنے والا روبوٹ ٹیوٹر متعارف کروایا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) مصنوعی ذہانت (AI) سے چلنے والے روبوٹ ٹیوٹر کی تیاری اور اس کی لانچ پر کام کر رہا ہے۔

اماراتی وزیرِ تعلیم کے مطابق ان کی وزارت نصاب سے لے کر پڑھانے اور اسسمنٹ تک کے تمام نظام کا مکمل جائزہ لے گی تاکہ پورے بورڈ میں مصنوعی ذہانت کے آلات نصب کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جا سکے۔

اس جائزے کے نتیجے میں اماراتی وزارتِ تعلیم مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک ایسا ٹیوٹر روبوٹ تیار کرے گی جو مکمل طور پر AI سے چلتا ہو۔

اماراتی وزیرِ تعلیم احمد بیہلول الفلاسی نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2023ء کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ تعلیم مائیکرو سافٹ، اوپن اے آئی سمیت دیگر ٹیک کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اے آئی ٹیکنالوجیز کا استعمال سیکھنے اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہماری شراکت داری کا مقصد اوپن اے آئی جیسے جدید لرننگ ماڈلز کے استعمال کے ذریعے طلباء کے سیکھنے کے تجربے کو بڑھانا اور بہتر بنانا ہے۔

اماراتی وزیرِ تعلیم نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور طلباء کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں کامیابی کے لیے درکار وسائل فراہم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.