شمالی وزیرستان میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے، مقابلے کے دوران 7 ملزمان ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق میران شاہ سے بنوں ملزمان منتقل کرنے والے اسکواڈ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیرِ حراست تینوں ملزمان ہلاک ہو گئے۔
محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی نے بتایا ہے کہ واقعہ گزشتہ رات میر علی بائی پاس پر پیش آیا، دہشت گردوں کے کچھ ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہوئے ہیں۔
محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد فورسز اور پولیس پر دستی بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 4 شارٹ مشین گنز، کارتوس اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔
محکمۂ انسدادِ دہشت گردی نے بتایا ہے کہ دہشت گرد اپنے ساتھیوں کو چھڑانا چاہتے تھے، ہلاک ہونے والے دہشت گرد تھانہ کینٹ پر دستی بم حملے اور کانسٹیبل افتخار کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی نے یہ بھی بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
Comments are closed.