منگل 22رجب المرجب 1444ھ14؍فروری 2023ء

اندھیرے میں موبائل فون کے زائد استعمال نے بھارتی خاتون سے بینائی چھین لی

اسمارٹ فون کا ضرورت سے زیادہ استعمال آنکھوں کے لیے صحیح نہیں، بالخصوص رات کے وقت اندھیرے میں دیر تک اسمارٹ فون استعمال کرنا بینائی سے محرومی کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایک 30 سالہ خاتون تقریباً ڈیڑھ سال تک اندھیرے میں موبائل فون استعمال کرنے کے باعث اندھے پن کا شکار ہو گئی۔

نیورولوجسٹ ڈاکٹر سدھیر کے مطابق مذکورہ بیوٹیشن خاتون نے اپنے معذور بیٹے کی دیکھ بھال کے لیے نوکری چھوڑ دی لیکن اس کے ساتھ ہی وہ رات گئے تک موبائل فون استعمال کرنے کی عادی ہو گئیں۔

خاتون کا معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ خاتون کئی سیکنڈز تک کچھ نہیں دیکھ پاتیں، بالخصوص رات کے وقت جب سوتے ہوئے سے جاگیں تو انہیں کچھ دکھائی نہیں دیتا۔

ڈاکٹروں کے مطابق خاتون میں اسمارٹ فون ویژن سنڈروم کی تشخیص ہوئی ہے، جو کمپیوٹر، اسمارٹ فون یا ٹیبلٹ جیسے آلات کے طویل استعمال سے پیدا ہوتا ہے، اس کے باعث انہیں اندھے پن کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔

بروقت تشخیص کے باعث خاتون کو دوائیوں کے ساتھ اسکرین ٹائم کم کرنے کی ہدایت کی گئی جس کے بعد وہ اپنی بینائی بحال کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

ماہرینِ صحت کی جانب سے اسمارٹ فونز استعمال کرنے والوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ ڈیجیٹل ڈیوائسز کی اسکرین کو زیادہ دیر تک دیکھنے سے گریز کریں۔

ماہرینِ صحت کے مطابق ہر 20 منٹ بعد 20 سیکنڈز کا وقفہ ضروری ہے بصورتِ دیگر بینائی ضائع ہو سکتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.