پارلیمنٹ ہاؤس لان کی دیوار جمہوریت پر 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی کے جشن کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔
دوران تقریب جمہوریت کےلیے قربانیاں دینے والے معروف اور گمنام ہیروز کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو شہید کےلیے بھی خصوصی دعا کی گئی جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے یاد گار پر پھول رکھے۔
تقریب سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ آئین پاکستان کے 50 سال کی تکمیل پر ہونے والی تقریبات کا آغاز شہداء جمہوریت کی یاد سے کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ یادگار جمہوریت پیپلز پارٹی کے دور میں تیار ہوئی، سابقہ حکومت نے اسے ختم کرنے کی کوشش کی۔
پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ اس مقام پر کئی سال کے بعد ایسی تقریب منعقد ہوئی، امید ہے آنے والے اسپیکر حضرات یہ روایت جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج یہ پیغام دینا چاہیے کہ آئین کے نظام کو چھیڑنے کی کوششش خطرناک ہوگی، میں نے بطور چیئرمین سینٹ دستور گلی قائم کروائی۔
رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ پچھلی حکومت نے اس علاقے کو ممنوعہ ایریا میں بدل دیا، ہمیں آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی تو ملک پر سیاہ بادل منڈلائیں گے، آج ملک کے حالات میں بہتری بھی صرف آئین کے راستے سے ہی ممکن ہے۔ حکومت بھی آئین پر مکمل عملداری کا راستہ اختیار رکھے تاکہ ملک کو آگے لے جایا جا سکے۔
Comments are closed.